نیشنل ٹی 20، سند ھ نے خیبر پختونخوا، سدرن نے سنٹرل پنجاب کو شکست دیدی

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سندھ کی ٹیم نے دانش عزیز کی شان دار بیٹنگ کی بدولت ٹورنامنٹ کی ایک مضبوط ٹیم خیبرپختونخوا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ دوسرے میچ میں سدرن پنجاب کی ٹیم نے سینٹرل پنجاب کو 3 رنز سے ہرادیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ کے کپتان سرفراز احمد ٹاس جیت کر خیبرپختونخوا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور باولرز نے اس فیصلے کو درست ثابت کردیا۔

سہیل خان نے گزشتہ میچ کے ہیرو فخر زمان کو صفر پر آوٹ کرکے خیبرپختونخوا کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی جبکہ انور علی نے 14 کے اسکورپر دوسری وکٹ بھی حاصل کی جب کپتان محمد رضوان نے 12 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

 

صاحبزادہ فرحان نے 19 رنز بنائے اور افتخار احمد نے 14 رنز بنا کر ان کا ساتھ دیا، جس کے بعد شعیب ملک بھی جلد ہی پویلین لوٹے۔

سندھ کے باولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، محمد حارث کو 5 رنز پر آوٹ کیا تاہم مصدق احمد نے 25 اور عثمان شنواری نے آوٹ ہوئے بغیر 36 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 138 کا اسکور تک پہنچایا شاہین شاہ آفریدی 14 اور ارشد اقبال بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوگئے۔

خیبر پختونخوا نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 138 رنز بنائے جبکہ سندھ کی جانب سے سہیل خان، حسان خان اور محمد حسنین نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

سندھ کی ٹیم ایک آسان ہدف کے تعاقب میں بدترین مشکلات سے دوچار رہی اور ابتدائی 7 کھلاڑی صرف 34 رنز پر آوٹ ہوئے۔

خیبر پختونخوا کے باولرز اور فیلڈرز نے شان دار کھیل کا مظاہرہ ضرور کیا لیکن سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹیم کو شکست ہوئی۔

سندھ کے بلے باز خرم منظور 13، شرجیل خان صفر، اسد شفیق ایک، اعظم خان 5 اور سرفراز احمد 13 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ سہیل خان اور حسان خان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

دانش عزیز نے ایک ایسے وقت میں سندھ کی نیا پار لگانے کا ذمہ داری لی جب دیگر بلے باز انتہائی غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل آوٹ ہورہے تھے۔

انور علی نے 33 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا تاہم 111 رنز پر مصدق احمد کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

محمد رضوان نے انور علی کا انتہائی شان دار کیچ لیا جس کو ٹورنامنٹ کا بہترین کیچ سے تعبیر کیا جارہا ہے۔

دانش عزیز نے47 گیندوں پر نہ 72 رنز کی اننگز کھیلی بلکہ میچ کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو ایک اہم کامیابی دلائی۔

سندھ کو جیت کے لیے آخری تین گیندوں میں 15 اور آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے لیکن دانش عزیر نے افتخار احمد کی آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کا اسکور 140 تک پہنچایا۔

سندھ کی ٹیم نے 20 اوورز کے اختتام پر 8 وکٹوں پر 140 رنز بنا کر 2 وکٹوں سے کامیاب حاصل کی۔ دانش عزیز کو شان دار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سدرن پنجاب نے سینٹرل کو 3 رنز سے شکست دے دی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا 24 واں میچ سدرن پنجاب اور سینٹرل پنجاب کے درمیان کھیلا گیا۔

سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ تو سدرن کے بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔

کپتان شان مسعود نے مسلسل ناکامیوں کے بعد بالآخر نصف سنچری بنائی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 54 رنز کا اضافہ کیا تاہم زین عباس 16 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

سدرن پنجاب کا اسکور 104 پر پہنچا تھا تو شان مسعود کی 50 رنز کی اننگز ظفر گوہر کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

صہیب مقصود نے جارحانہ انداز میں 3 چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 25 رنز کا اضافہ کیا اور 137 رنز کے مجموعے پر ظفر گوہر کی وکٹ بن گئے۔

حسین طلعت اور خوشدل شاہ نے ایک مرتبہ پھر شان دار شراکت قائم کی اور سینٹرل پنجاب کے باولرز کو مزید کوئی وکٹ حاصل کرنے کا موقع فراہم نہیں کیا۔

دونوں بلے بازوں نے آوٹ ہوئے بغیر بالترتیب 59 اور 47 رنز کی اننگز کھیل کر مقررہ اوورز میں ٹیم کا اسکور 3 وکٹوں پر 205 رنزتک پہنچایا۔ ظفر گوہر نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک کھلاڑی کو احمد بشیر نے آوٹ کیا۔

سینٹرل پنجاب کے کپتان بابراعظم صفر پر عامر یامین کی گیند پر آوٹ ہوئے تاہم کامران اکمل نے 32 رنز کی اننگز کھیلی اور عبداللہ شفیق نے 13 رنز بنا کر ان کا مختصر ساتھ دیا۔

محمد اخلاق نے 30 رنز بنائے اور اسکور 98 رنز تک پہپنچایا، رضوان حسین 29 اور قاسم اکرم 21 رنز بنا کر آوٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 6 وکٹوں پر 156 رنز تھا۔

قومی ٹیم کے آل راونڈر فہیم اشرف نے 19 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کرکے سینٹرل کو کامیابی کی امید دلائی۔

فہیم اشرف نے 54 رنز بنانے کر ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا اور 194 کے اسکور پر محمد عمران کی گیند پر آوٹ ہوئے، جس کے بعد ظفر گوہر اور عثمان قادر نے ٹیم فتح دلانے کی ان تھک کوشش کی لیکن اسکور 202 رنز تک پہنچا سکے۔

سدرن پنجاب نے میچ 3 وکٹوں سے جیت لیا۔