راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے 23ویں میچ میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرنے والے محمد رضوان نے سندھ کے خلاف ناقابل یقین کیچ پکڑ لیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سندھ کے خلاف میچ میں محمد رضوان وکٹ کیپر کی بجائے فیلڈنگ کرتے ہوئے دکھائی دئیے اور جب انور علی نے 19ویں اوورز میں چھکا لگانے کی ناکام کوشش کی تو محمد رضوان بھاگتے ہوئے آئے اور مشکل کیچ پکڑ کر انور علی سمیت کمنٹیٹر کو بھی حیران کردیا۔
سندھ کی ٹیم کو اس وقت 12 گیندوں پر 28 رنز درکار تھے اور انور علی 33 رنز کے ساتھ کریزپر موجود تھے، رضوان کے کیچ کی بدولت سندھ کی ٹیم کو دھچکا لگا۔
تاہم انور علی کے ساتھ دوسرے اینڈ پر کھڑے دانش عزیز نے میچ وننگ اننگز کھیل کر سندھ کو یقینی شکست سے بچالیا۔