بچے کا بستہ آج کل سکول بیگ کہلاتا ہے سکول بیگ کے بارے میں عام تاثر یہ ہے کہ بچے کا بستہ وزنی بہت ہے اس قدر وزنی بستے کو اُٹھا اٹھا کربچے کی کمر جھک جاتی ہے۔بچہ عمر سے پہلے بوڑھا،کمزور،لاغر اور نحیف ہوجاتا ہے۔بات آگے بڑھی یہاں تک آگے بڑھی کہ صوبائی کابینہ نے اس کا نوٹس لے لیا کابینہ کے اجلاس میں اس پر بحث ہوئی بحث کے بعد کابینہ نے فیصلہ کیا کہ بچے کے بستے کا وزن کم کیا جائے اور کم سے کم کی حد رکھی جائے جو زیادہ سے زیادہ کی حد بھی ہوسکتی ہے کابینہ نے سفارش کی ہے کہ اسمبلی سے اس مضمون کا ایکٹ بنواکر قانون کے ذریعے بچے کے بستے کاوزن کم کیا جائے اور اس مقصد کے لئے ترازو رکھوائے جائیں،کتابوں کی دکان میں ترازو،بچے کے گھر میں ترازو،بچے کی جماعت کے کمرے میں ترازو رکھ کر ہرروز بچے کے بستے کو تولا جائے اور بار بار تولا جائے راہ چلتے وزن زیادہ نہ ہو بس پر چڑھتے وزن میں گڑبڑ نہ ہو،کمرہ جماعت میں بیٹھے وزن میں کمی بیشی نہ ہو۔اسمبلی میں جوبل پیش ہوگا اس میں قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صراحت ہوگی کہ پلے گروپ،نرسری اور کے جی میں بچے کی عمر 2 سے4سال ہوگی بستے کا وزن ڈیڑھ کلوگرام ہو گا بچہ جماعت اول میں آئے گا تو اس کی عمر5سال ہوگی بستے کا وزن عمر کے لحاظ سے ڈھائی کلوگرام ہوگا اس طرح ہر جماعت میں عمر کے ساتھ بستے کا وزن بڑھتا جائے گا بچہ پانچویں جماعت میں جائے گا تو اس کی پیٹھ پر5کلوگرام کا بستہ ہوگا وہ دسویں جماعت میں جائے گا تو بستے کا وزن ساڑھے چھ کلوگرام ہوجائے گا گیارھویں اور بارھویں جماعتوں میں پڑھنے والے بچوں کی عمریں16اور18سال کے درمیان ہونگی ان کے کندھوں پر7کلوگرام وزنی بستے کا بوجھ ہوگا تجویز میں دی گئی تفصیلات کو دیکھ کرلگتا ہے کہ کابینہ کے اراکین نے مسئلے پر بہت غور کیا ہے غالب گمان یہ ہے کہ کابینہ کے بعض اراکین کو ان کا اپنا سکول بیگ بھی یاد آیا ہوگا پھر انہوں نے موجودہ دور کے بچوں پہ ترس کھایاہوگا پشاور ہائی کورٹ نے ایک مقدمے کی سماعت کے دوران سکول بیگ کے وزن پر آبزرویشن دی اور اس خواہش کا اظہار کیاگیا کہ بچوں کے کندھوں سے سکول بیگ کا وزن کم کیا جائے اُس وقت کے چیف سیکرٹری کوہدایت کی گئی کہ اس پر سرکاری حکمنامہ جاری کیا جائے ڈیڑھ سال کے غوروخوض کے بعد کابینہ کے سامنے جو تجویز رکھی گئی یہ تجویز ادھوری ہے اس کویکطرفہ بھی کہا جاسکتا ہے جب حکومت کسی پُرانے دستور کی جگہ نیا قانون لانا چاہتی ہے تواس کے دونوں پہلوﺅں کو دیکھتی ہے عوام کو کتنی ذمہ داری دی جائے اور حکومت پر کتنی ذمہ داری کا بوجھ ڈالا جائے اگر اس موضوع پر سیمینار ہوتے یا ورکشاپ ہوتے تو مختلف تجاویز آسکتی تھیں مثلاً سکول اور کمرہ جماعت کے نظام میں تبدیلی لاکر بچوں کے سکول بیگ کا وزن کم کیا جائے یا ٹائم ٹیبل اور ڈیسک کاڈیزائن بدل کر سکول بیگ کا وزن کم کیا جائے ہم یہاں چین ‘ کوریا ‘ جاپان‘ امریکہ‘ برطانیہ اور جرمنی یا فرانس کی مثالیںدے کر مضمون کو بوجھل کرنا نہیں چاہتے کم از کم نیپال اور تھائی لینڈ سے کچھ سیکھنے کی التجا کرسکتے ہیں نیپال کے دارلحکومت کھٹمنڈو میں ایسے سکول قائم کئے گئے ہیں جہاں نصاب کی کوئی کتاب نہیں پڑھائی جاتی‘ سکول بیگ کے وزن کا کوئی مسئلہ نہیں ‘چین‘کوریا اور تھائی لینڈ کے دور دراز دیہات میں ایسے سکول ہیں جہاں بچہ کاپی لیکر بھی نہیں جاتا وہاں انتظامیہ نے سکول کے اندر مناسب نرخ پر ہلکے پھلکے کھانے کا انتظام کیا ہے بچے سکول پر ہی لنچ کرتے ہیں۔گھر کاکام بھی کمرہ جماعت میں کرکے خالی ہاتھ گھروں کو آتے ہیں۔وطن عزیزپاکستان میں ایسے ڈیسک فراہم کئے جاسکتے ہیں جن کے اندر بچے نصف کتابیں رکھ کر تالا لگادیں اور نصف کتابیں ضرورت کے مطابق گھر لے جائیں یہاں ایسا ٹائم ٹیبل بھی بنایا جاسکتا ہے کہ ہر روز نصف کتابیں سکول بیگ میں رکھی جاسکیں۔نصف کتابیں اگلے روز بستے میں رکھنا آسان ہوگا۔