ریاض۔ سعودی عرب 2020 میں دنیا کے پرمسرت ممالک کا جائزہ لینے کے لیے کیے گئے ایک عالمی سروے میں چین اور نیدرلینڈز کے بعد دنیا کا تیسرا خوش ترین ملک قرار پایا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق یہ سروے فرانس میں قائم مارکیٹ ریسرچ کمپنی آئی پی ایس او ایس نے کیا۔اس میں دنیا کے 27 ممالک میں خوشیوں کی سطح کی جانچ کی گئی۔
چین اور نیدرلینڈز میں ہر10 میں سے نو افراد نے خود کو بہت یا قدرے خوش قرار دیا جبکہ سعودی عرب میں ہر 10 میں سے آٹھ افراد نے خود کو خوش قرار دیا۔
سعودی عرب کے بعد فرانس، کینیڈا، آسٹریلیا، برطانیہ، سویڈن، جرمنی اور بیلجیئم بالترتیب چار سے دس نمبر تک دنیا کے خوش ممالک ہیں۔
امریکا اس درجہ بندی میں گیارھویں نمبر پر ہے اور اس کے ہر 10 میں سے سات شہریوں نے بتایا کہ وہ بہت یا قدرے خوش ہیں۔
دنیا کے خوش ممالک کی اس درجہ بندی میں اسپین، چلی اور پیرو سب سے نیچے ہیں۔اس سروے کے نتائج میں آبادی کے تناسب کے اعتبار سے خوش افراد کی بھی درجہ بندی کی گئی۔
اس ضمن میں سعودی عرب کے 30 فیصد بالغ افراد نے خود کو سب سے زیادہ خوش قرار دیا۔اس کے بعد بھارت میں 22 فی صد اور نیدرلینڈز میں بھی 22 فی صد بالغ افراد سب سے زیادہ خوش بتائے گئے۔
دنیا کے خوش ممالک کی اس درجہ بندی میں مشرق اوسط کا صرف ایک اور ملک شامل ہے اور وہ ترکی ہے۔ وہ خوشیوں کی مجموعی سطح میں سترھویں نمبرپر ہے۔سروے کے مطابق تمام 27 ممالک میں ہر 10 میں سے چھے افراد نے خود کو خوش قرار دیا۔