نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں کھلاڑی کو فکسنگ کی پیشکش کرنے والا بکی گرفتار

 نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ میں کھلاڑی کو فکسنگ کی پیشکش کرنے والے بکی کو گرفتار کرلیا گیا، اسے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ بکی کے فون کا فرانزک کیا جارہا ہے اور اس کا موقف ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹر اس کا دوست ہے اور اس نے مذاق میں اپنے دوست سے فکسنگ کی بات کی تھی۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی ٹوینٹی کپ کے کھلاڑی نے بکی کے رابطے کا فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کو بتایا تھا جس کے بعد معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی تھیں۔

پی سی بی کی جانب سے فکسنگ کی رپورٹ کرنے والے کھلاڑی کا نام راز میں رکھا ہے۔

پی سی بی نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران بکی سے رابطے کی اطلاع دینے والے کھلاڑی کے اقدام کو قابل ستائش قرار دیا تاہم اس کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور مزید تفتیش کے لیے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ بکی نے جس کرکٹر سے میچ فکسنگ کے لیے رابطہ کیا وہ ایک ڈومیسٹک کرکٹر ہے اور اس نے پاکستان کے لیے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔