قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے کھلاڑیوں کی دماغی صحت کے ایشوز کا خدشہ ظاہر کر تے ہوئے کہا کہ بائیو سیکور ببل میں کھیلنا آسان نہیں ہے ، کوویڈ 19 لمبا وقت لے گیا تو کھلاڑیوں کے لیے مسائل پیدا ہوں گے۔
وقار یونس نے کہا ہے کہ ہمارے کرکٹرز نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ بائیو سیکور ببل میں کھیلی ہے اور ابھی اس حوالے سے کوئی چیز سامنے نہیں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ دماغی صحت کے مسائل پیدا نہیں ہوسکتے، مسائل پیدا ہو سکتے ہیں کیونکہ آئسولیشن میں رہنا اور کراوڈ کا نہ ہونا مسائل پیدا کر سکتا ہے۔
وقار یونس نے کہا کہ کرکٹ بورڈز ضرور اس حوالے سے سوچ بچار کر رہے ہوں گے کہ موجودہ صورتحال سے کیسے نمٹنا ہے اور اگر کووڈ 19 طویل ہوتا ہے تو کیا حکمت عملی بنانی چاہیے، ایسا کرنا کھلاڑیوں کی دماغی صحت کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تماشائیوں کے نہ ہونے کے بھی اثرات ہیں، یہ حکمت عملی بھی یقینی طور پر زیر غور ہو گی کہ اسٹیڈیمز میں کراؤڈ کو کیسے واپس لانا ہے۔