راولپنڈی: نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن ناردرن کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں سدرن پنجاب نے دفاعی چیمپئن ناردرن پنجاب کو باآسانی شکست دے دی، سدرن پنجاب نے ناردرن کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔
دفاعی چیمپئن ناردرن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سدرن پنجاب کو 161 رنز کا آسان ہدف دیا تھا جو سدرن پنجاب نے 19ویں اوور میں پورا کر دیا۔
سدرن پنجاب کی جانب سے کپتان شان مسعود نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور زیشان اشرف نے 32 گیندوں پر 55 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
اس سے قبل نادرن کی جانب سے علی عمران 50 اور شاداب خان نے 48 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے تھے جب کہ سدرن پنجاب کی جانب سے زاہد محمود نے 3 اور محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
دوسرا سیمی فائنل کے پی اور سندھ کے درمیان کھیلا جائے گا