زمبابوے سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کل ہونے کا امکان

 لاہور۔زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کل بروز پیر کوکیے جانے کا امکان ہے۔

سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد اسکواڈ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، امکان ہے کہ پی سی بی پریس ریلیز کے ذریعے ٹیم کا اعلان کریگا۔

ذرائع کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے22 سے 23 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جا سکتا ہے، سیریز سے قبل انٹرا سکواڈ ون ڈے میچز بھی پلان کیئے جا رہے ہیں۔

سیریز میں سابق کپتان شعیب ملک کو آرام دینے پر اتفاق کیا گیاہے، آل راؤنڈر فہیم اشرف کی شمولیت کے علاوہ عبد اللہ شفیق اور خوشدل شاہ کی بھی ٹیم میں شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق نسیم شاہ کو فٹنس مسائل کے باعث آرام دیا جا رہا ہے، ان کی جگہ موسیٰ خان کو اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ تجربہ اور فارم کی بنیاد پر وہاب ریاض ٹیم میں برقرار رہ سکتے ہیں۔

ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور پرروحیل نذیر کا نام زیر غور ہے جبکہ سرفراز احمد کا جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔

سیریز میں بابر اعظم پہلی مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں بھی قیادت کریں گے۔واضح رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے، جبکہ زمبابوے ٹیم 20 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی۔