بھارت نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت کو پاکستان آنے سے روک دیا جس کے بعد زمبابوے کرکٹ نے لال چند کی عدم دستیابی میں قائم مقام کوچ کا تقرر کردیا۔
زمبابوے کرکٹ ٹیم آج صبح تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے اسلام آباد پہنچی لیکن اسکواڈ کے ہمراہ ہیڈ کوچ لال چند راجپوت نہیں ہیں۔
زمبابوے کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹیم کے ہیڈ کوچ لال چند راجپوت دورہ پاکستان میں شامل نہیں ہیں، ہرارے میں بھارتی سفارتخانے نے ہیڈ کوچ کو پاکستان نہ لے کر جانے کے لیے خط لکھا جس میں کہا گیا کہ لال چند بھارتی شہری ہیں لہٰذا انہیں بھارتی حکومت کی سفری گائیڈ لائنز کے مطابق ٹور میں شامل نہ کیا جائے۔
دوسری جانب زمبابوے کرکٹ نے بولنگ کوچ ڈوگلس ہونڈو کو اضافی ذمہ داریاں دیتے ہوئے سیریز کے لیے ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ہرارے میں پاکستان کے سفارتخانے نے لال چند راجپوت کو ویزہ جاری کیا تھا اور اسکواڈ کے ویزے کے لیے پی سی بی نے تما م تر سفری کلیئرنس کی دستاویزات زمبابوے کرکٹ کو بھی مہیا کی تھیں۔
واضح رہے کہ لال چند راجپوت بھارت کی جانب سے 2 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں جب کہ کوچنگ کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔