عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پاکستان کی سیاست میں باضابطہ طور پر حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ انہیں کئی لوگ پاکستان کی سیاست میں آنے کی دعوت دے رہے ہیں جبکہ وہ خود بھی ملک کی خدمت کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
سوشل میڈیا سائٹس پر جاری ایک طویل پوسٹ میں باکسر عامر خان نے کہا کہ وہ کھیل، تعلیم اور بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ’ ہم سب کو ایک نہ ایک دن دنیا سے جانا ہے، کیوں نہ ہم اس دنیا کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔‘
عامر خان نے کہا کہ وہ پاکستان کے دورے کے دوران سیاسی رہنماؤں اور فوجی حکام سے ملتے رہتے ہیں۔ ان کا دل صاف ہے اور وہ ملک کے لیے کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھتے ہیں لیکن عملی سیاست میں قدم رکھنے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ’دیکھیں حالات کیا رُخ اختیار کرتے ہیں۔ باکسر نے سیاست میں آنے کے حوالے سے مداحوں سے بھی رائے طلب کی۔