ملک میں سب سے مہنگی بجلی فرنس آئل سے 37 روپے 19 پیسے میں پڑ رہی ہے، وزارت توانائی 

 اسلام آباد: سینٹ کو بتایاگیا ہے کہ ملک میں سب سے مہنگی بجلی فرنس آئل سے 37 روپے 19 پیسے میں پڑ رہی ہے۔

 جمعرات کو سینٹ میں وقفہ سوالا ت کے دور ان ملک میں مختلف زرائع سے پیدا ہونے والی فی یونیٹ بجلی کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کر دی گئیں جس کے مطابق اس وقت ملک میں سب سے مہنگی بجلی فرنس آئل سے 37 روپے 19 پیسے میں پڑ رہی ہے۔

 وزارت توانائی کے مطابق ونڈ پاور سے بجلی 29 روپے 77 پیسے فی یونٹ ہے، سولر سے پیدا بجلی 24 روپے 43 پیسے فی یونٹ ہے،ہائی سپیڈ ڈیزل سے بجلی 23 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہے،کوئلہ سے بجلی 14 روپے 93 پیسے، کوئلہ سے 14 روپے 93 پیسے فی یونٹ ہے،آر ایل این جی سے بجلی 14 روپے 53 پیسے فی یونٹ ہے،اس وقت پانی سے بجلی کی قیمت 5 روپے 20 پیسے فی یونٹ ہے، جو سب سے سستی ہے۔

 ملک میں نصب شدہ ہائیڈل پاور پلانٹس کی اصل صلاحیت 36 ہزار 166 میگا واٹ ہے،ملک میں اس وقت ہائیڈل پلانٹس کی موجودہ نصب شدہ صلاحیت 9 ہزار 874 میگاوٹ رہ گئی ہے،ہائیڈل بجلی پیدا کرنی کی موجودہ صلاحیت اصل صلاحیت کا 27.30 فیصد ہے۔

 اجلاس کے دور ان سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہاکہ ضلع چارسدہ میں کتنا کنڈہ کلچر ہے، اسوقت چارسدہ میں 20 سے 50 ہزار نئے میٹر کی درخواستیں ہیں، تحصیل شبقدر میں 50 ہزار سے 1 لاکھ تک کنڈہ ہے۔


 انہوں نے کہاکہ  توانائی ڈویژن نے 18 ہزار کنڈے کا کہا لیکن ایک لاکھ تک ہے۔ عمر ایوب نے کہاکہ میٹرائزیشن اور فیڈر کلیئرنگ آؤٹ سورس ہو رہا ہے، ہم لوگ اپنے فیڈر اور میٹرز پر انوسٹ کر رہے ہیں، پیسکو میں ہائی لاسز فیڈرز کو آوٹ سورس کیا جا رہا ہے، اس سے بجلی چوری ختم ہو گی اور وصولیاں بہتر ہوں گی۔

 انہوں نے کہاکہ اگلے چند ہفتوں میں پیسکو کے ہائی لاسز فیڈرز کو آوٹ سورس کریں گے۔ بہرہ مند تنگی نے کہاکہ کیا موسم سرما میں گیس لوڈ شیڈنگ ہوگی؟ عمر ایو ب نے کہاکہ ہمارے پاس موجود گیس کے ذخائر ڈیمانڈ سے کم ہیں، موسم سرما میں لوڈ شیڈنگ کرنا مجبوری ہوگی، کوشش کریں گے لوڈشیڈنگ کم سے کم ہو۔