افغان فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں کا حملہ، 20 اہلکار ہلاک 6 اغوا

افغان میڈیا کے مطابق صوبے نمروز کی فوجی چیک پوسٹ پر درجن بھر موٹر سائیکل سوار طالبان جنگوؤں نے دھاوا بول دیا، طالبان کے حملے میں 20 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ افغان فوج کے ترجمان نے بھی جوابی کارروائی میں طالبان جنگجؤں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔


طالبان جنگجوؤں نے 6 اہلکاروں کو اغوا کرلیا اور جاتے ہوئے افغان فوج کا اسلحہ اور گاڑی بھی اپنے ہمراہ لے گئے۔ افغان آرمی نے اپنے اہلکاروں کی بازیابی کے لیے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔


طالبان کے حملے کو گزشتہ روز کے افغان فوج کے ایک مدرسہ پر فضائی حملے کا ردعمل گردانا جارہا ہے جس کے نتیجے میں 11 بچے اور وہاں قرآن کی تعلیم دینے والے قاری شہید ہوگئے تھے۔ حملے کے وقت بچے قرآن پاک کی تلاوت کررہے تھے۔

واضح رہے کہ دوحہ میں کابل حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کے باوجود تاحال امن قائم نہیں ہوسکا ہے اور دونوں جانب سے پرتشدد کارروائیاں جاری ہیں۔