لاہور: پاکستان نے ہوم سیریز کی بھرپور تیاریاں شروع کر دیں ,سیریزکیلئے منتخب کرکٹرز نے قذافی اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہوئے مشقوں کا آغاز کردیا۔
وارم اپ کے بعد رننگ اور جسمانی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہا، دورہ انگلینڈ میں عبوری طور پر ذمہ داریاں سنبھالنے والے بیٹنگ کوچ یونس خان کی عدم موجودگی میں مصباح الحق نے بیٹسمینوں کی رہنمائی کا سلسلہ جاری رکھا، اوپنرز عابد علی، امام الحق اور فخرزمان نے نئی گیند کا سامنا کیا۔
بابر اعظم، محمد حفیظ، حارث سہیل، محمد رضوان اور حارث سہیل نے بھی اپنے اسٹروکس چیک کیے، نوجوان بیٹسمین حیدر علی اور عبداللہ شفیق کے ساتھ مسلسل پاور ہٹنگ کرنے والے خوشدل شاہ ہیڈ کوچ کی خاص توجہ کا مرکز بنے، شاہین شاہ آفریدی، وہاب ریاض، حارث رؤف، محمد حسنین اور محمد موسیٰ کی نیٹ میں پریکٹس پر بولنگ کوچ وقار یونس نے نظر رکھی،انھوں نے محمد حسنین اور فہیم اشرف کی رن اپ کے حوالے سے رہنمائی بھی کی۔
شاداب خان اور عماد وسیم نے الگ نیٹ میں بھرپور سیشن کرنے کے ساتھ نوجوان اسپنرز ظفر گوہر اور عثمان قادر کی رہنمائی کی، فیلڈنگ کوچ عبدالمجید نے تسلسل کے ساتھ باؤنڈری کے قریب اونچے کیچز لینے کی مشق کرائی، وکٹ کیپرز محمد رضوان اور روحیل نذیر نے میدان کے وسط میں الگ سیشن بھی کیے، میزبان کیمپ میں جمعے کو انٹرا اسکواڈ میچ کھیلا جائے گا۔