کلیولینڈ: ایکشن ہیرو 73 سالہ آرنلڈ شوازنگر کے دل کی ایک بار پھر سرجری ہوئی ہے اور وہ خود کو پہلے سے کافی بہتر محسوس کررہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آرنلڈ شوازنگر نے دل کے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا کہ پلمونری وال کے بعد آورٹک وال بھی تبدیل کردیا گیا ہے جس کے بعد خود کو کافی بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ ہالی ووڈ اداکار نے کلیولینڈ کلینک کے تمام معالجین اور طبی عملے کا بھی فرداً فرداً شکریہ ادا کیا اور اپنے مداحوں کے لیے تصاویر بھی ٹویٹ کیں۔
تصایر میں دیکھا جا سکتے ہیں فلمی دنیا اور سیاست میں یکساں کامیابی حاصل کرنے والے آرنلڈ شوازنگر بستر پر لیٹے ہوئے ہیں اور مطمئن اور صحت یاب دکھائی دے رہے ہیں۔ اداکار کا 2018 میں اوپن ہارٹ سرجری کے ذریعے پلمونری وال بھی تبدیل کیا جا چکا ہے۔
ہالی ووڈ اسٹار نے مزید لکھا کہ آپریشن سے قبل کلیولینڈ کی گلیوں میں چہل قدمی کر چکا ہوں جہاں خوبصورت مجسموں نے میرا دل موہ لیا ہے۔ آرنلڈ شوازنگر نے ان مجسموں کے ساتھ اپنی تصاویر بھی شیئر کیں۔