میڈریڈ: اسپین کی حکومت نے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک گیر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت بہت زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں سخت کرفیو نافذ کیا جائے گا۔
فرانسیسی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسپین کی حکومت نے اتوار کے روز ملک گیر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا جس کے تحت اب ملک بھر میں کرفیو نافذ کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کیا گیا، کرفیو کی مدد سے شہریوں کو بلا ضرورت نقل و حرکت سے روکا جائے گا جس سے صورت حال قابو ہوسکتی ہے۔
اسپین کے وزیر برائے کاؤنسل کی زیر صدارت اتوار کی صبح دارالحکومت میں ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں موجود شرکاء نے ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق جاری ہونے والے شاہی فرمان کا بھی جائزہ لیا۔ جس کے بعد وزیراعظم سان چیس نے ملک گیر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا۔
اْن کا کہنا تھا کہ ’اس تجویز کو اسپین کی حکومت اور شہریوں نے خوش آئند قرار دیا ہے کیونکہ سب یہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت سخت اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ پہلے جیسی تباہی نہ پھیل سکے۔