اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گندم کی نئی امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس ہوا، جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق گندم کی امدادی قیمت میں دو سو روپے کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے بعد گندم کی نئی امدادی قیمت 1600 روپے فی من مقرر کر دی گئی ہے، اس سے قبل امدادی قیمت 1400 روپے فی من مقرر تھی۔
اجلاس میں ای سی سی کو ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے زیر اہتمام گندم کی درآمد پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو ہزار دس سے اب تک چار بار گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کی گئی، اس کے علاوہ گندم کی درآمد کا حجم 18 لاکھ میٹرک ٹن کرنے کی بھی منظوری دی گئی ، ساتھ ہی شرکا کو بتایا گیا کہ جنوری2021تک ٹی سی پی10لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرلے گا۔
ای سی سی اجلاس میں وزارت فوڈ کی جانب سے روس سے مزید 3 لاکھ 20ہزار ٹن گندم درآمد کی تجویز کی توثیق بھی کی گئی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق پاور ڈویژن کے 50 فیصد ٹیرف سبسڈی فرق کےاجرا کی بھی منظوری دی گئی، پاور ڈویژن کو دیئےجانے والے65.8 ارب بجلی پیدا کرنے والی کمپنیز کو دیئے جائیں گے، اس کے علاوہ اضافی بجلی صنعتوں کو 12.96 روپے فی یونٹ پرفراہم کرنےکی بھی منظوری دی گئی۔