قومی اسمبلی اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ درآمد کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو 440ارب روپے کا نقصان ہوا۔
بدھ کو قومی اسمبلی میں حکومت کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ کیسی زرعی پالیسی ہے کہ وہ چیزیں جن میں ہم خود کفیل تھے آج ہم انہیں درآمد کر رہے ہیں اور پاکستان میں ان کی قلت ہے اور یہ قیمتیں کبھی نہیں سنی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ درآمد کی غلط پالیسی اپنانے سے 440ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، یہ رقم کون ادا کرے گا، یہ نقصان عام پاکستانی ہوشربا مہنگائی کی صورت میں اٹھا رہا ہے جس سے 30-35 ہزار ماہوار کمانے والے شخص کے لیے زندگی گزارنا ناممکن ہو گیا ہے۔
خواجہ آصف نے گندم کی قیمت 1600 روپے فی من مقرر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی قیمت 2ہزار روپے من مقرر کی جائے اور اگر صرف 40ارب روپے کسان کو دیے جائیں تو پوری ہو سکتی ہے اور آپ خود کفیل ہو جائیں گے۔