لندن: کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے ایک ماہ کے لیے دوبارہ لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ تاہم تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے لیکن ایس او پیز کی سخت پابندی کرنا ہوگی
رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ایک ماہ کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا، لاک ڈاؤن کا اطلاق جمعرات 5 نومبر سے ہوگا اور 2 دسمبر تک جاری رہے گا۔
لاک ڈاؤن میں تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے، بار، کلبز بند رہیں گے، بیرون ملک سفر اور سماجی میل جول پر پابندی ہو گی جبکہ کام کے لیے دوسرے شہر جانے کی اجازت ہو گی۔
برطانوی وزیراعظم نے تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فرلو سسٹم دسمبر تک جاری رکھنے کا اعلان کیا، بورس جانسن کا کہنا تھا کہ اس سال کرسمس بہت مختلف ہوگی، کورونا کو بچوں کی تعلیم پر اثر انداز ہر گز نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ برطانوی فوج مقامی حکومتوں کی ہر ممکن مدد کرے گی، برطانوی فوج اس سلسلے میں چند روز کے اندر کام شروع کر دے گی۔