مکہ المکرمہ: سعودی حکومت نے 7 ماہ بعد کورونا وبا کے باعث عمرہ کی بحالی کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت بیرون ملک سے محدود پیمانے پر حجاز مقدس آمد شروع ہوگئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق عمرے کی ادائیگی کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں غیر ملکی و مقامی شہریوں سمیت بیرون ملک سے آئے زائرین بھی شامل ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر کل 20 ہزار افراد عمرہ ادا کریں گے۔
ماہ بعد بیرون ملک سے آئے 10 ہزار زائرین کو عمرے کی ادائیگی کی اجازت ملی ہے، 10 ہزار افراد کو 20، 20 افراد کے 500 گروہوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو پورے دن میں وقفے وقفے سے عمرہ ادا کریں گے۔
سعودی حکومت کے مطابق مسجد الحرام میں 60 ہزار افراد کو نماز کی ادائیگی اور عبادت کی اجازت ہوگی، کورونا ایس او پیز کے تحت عمرہ زائرین کو پہلے 3 دن آئسولیشن میں گزارنا ہوں گے جب کہ زائرین کو دوسرا عمرہ کرنے کے لیے لازمی طور پر 14 روز کا وقفہ لینا ہوگا۔
دوسری جانب سعودی عرب نے عمرہ پروگرام کی آن لائن خریداری کی اجازت دے دی ہے، سعودی عرب کی حج وعمرہ کمیٹی کے رکن ہانی العمیری کا کہنا ہے کہ دنیا بھر سے بہت بڑی تعداد میں فرزندان توحید عمرہ کی ادائیگی کی خواہش رکھتے ہیں۔ اسے آسان بنانے کے لیے حکومت نے عمرہ پروگرام آن لائن فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس پروگرام کی خریداری کے بعد عمرہ کے خواہش مند حضرات آن لائن بکنگ کرا سکیں گے۔