کابل یونیورسٹی پرمسلح افراد کاحملہ،فائرنگ اور دھماکوں سے بھگدڑ،6 افراد زخمی

افغان میڈیا کے مطابق کابل یونیورسٹی پر اُس وقت مسلح افراد نے حملہ کردیا جب وہاں ایک کتاب کی رونمائی کی تقریب میں افغان اور ایرانی حکام ایک کتب میلے کا افتتاح کررہے تھے۔ فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

 

افغان حکام کا بتانا ہےکہ  تین مسلح افراد نے مرکزی دروازے سے داخل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کی اور بارودی مواد کے دھماکے کیے۔ فائرنگ کی آواز سُن کر طلبا نے جامعہ کی عقبی دیوار پھلانگ کر اپنی جانیں بچائیں۔

افغان حکام کے مطابق سیکیورٹی فورسز یونیورسٹی کے اندر موجود ہیں اور صورتحال کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور طالب علموں کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر پیش قدمی کررہی ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے یونیورسٹی جانے والی تمام سڑکیں بند کردیں۔

یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کتاب کی رونمائی کی تقریب میں ایران اور افغان کے اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔ حملے کی اطلاع کے بعد ایمبولینسوں کو کابل یونیورسٹی میں داخل ہوتے دیکھا گیا ہے۔

افغان میڈیا نے فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طالبان نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔