عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کورونا خدشہ کے پیش نظر خود کو قرنطینہ کر لیا

نیوریاک:عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے کورونا کے خدشے کے پیش نظر خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ان کی حالیہ دنوں میں کسی سے ملاقات ہوئی جس کا کورونا مثبت تھا جس کے بعد انہوں نے تنہائی اختیار کر لی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مجھ میں کورونا کی کوئی علامات نہیں اور میں خیریت سے ہوں لیکن ڈبلیو ایچ او پروٹوکول کے مطابق گھر سے کام کروں گا۔

ٹیڈروس ادہانوم کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی ضروری ہے کہ ہم سب صحت کی رہنمائی پر عمل کریں۔اس طرح ہم کورونا کی منتقلی کو روک کر صحت کے نظام کی حفاظت کریں گے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد اب تقریبا چھیالیس ملین ہو گئی ہے جبکہ اب تک لگ بھگ بارہ لاکھ افراد اس وبائی مرض کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

جرمنی سمیت بیشتر یورپی ممالک میں آج پیر سے ملک گیر سطح پر جزوی یا مکمل لاک ڈان نافذ کیا جا رہا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی ملک میں چار ہفتوں کے لیے لاک ڈان کا اعلان کر دیا ہے۔ عالمی سطح پر امریکا بدستور کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جہاں متاثرین کی تعداد نوے لاکھ سے زائد جب کہ ہلاک شدگان کی تعداد دو لاکھ تیس ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے۔

 کورونا وائرس کے کیسز کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 35 ہزار 159 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 93 لاکھ 16 ہزار 297 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس کے امریکا میں 30 لاکھ 56 ہزار 626 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 17 ہزار 150 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 60 لاکھ 24 ہزار 512 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔

 1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں کورونا سے 1 لاکھ 21 ہزار 681 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 81 لاکھ 37 ہزار 119 ہو گئی۔

کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے جہاں یہ وائرس 1 لاکھ 59 ہزار 562 زندگیاں نگِل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 55 لاکھ 19 ہزار 528 تک جا پہنچی ہے۔