امن کیلئے طالبان کو قندھار سے باہر نکالنا ہوگا، فورسز تیار رہیں، افغان صدر

کابل:افغان صدر اشرف غنی کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لئے دوسرے صوبوں کی طرح طالبان کو قندھار سے بھی باہر نکالنا ہو گا۔ سکیورٹی فورسز طالبان کو راہ راست پر لانے کیلئے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل یاسین ضیا نے کہا کہ افغان دفاعی اور سیکیورٹی فورسز قندھار کے ضلع ارغنداب کے مختلف علاقوں میں پیشرفت کر رہی ہیں اور دشمن کو بھاری جانی نقصان پہنچا ہے،نائب وزیر داخلہ نے کہا کہ شاہراہوں کو محفوظ بنانا اولین ترجیح ہے،غیر ملکی افواج کی مدد سے افغان فورسز قندھار میں طالبان کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔

 بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے 207ویں ظفر کور کے عہدیداروں اور گورنرز کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس میں ہرات، فرح، بادغیس اور غور صوبوں میں سلامتی کا جائزہ لیا۔

صدر اشرف غنی نے ہلمند میں طالبان کے حملوں کو پسپا کرنے کے لئے بروقت کارروائی میں بہادر افواج کے شانہ بشانہ فعال کردار ادا کرنے پر دفاع اور سلامتی کی قیادت کی تعریف کی۔

 انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قندھار میں بھی طالبان کو شکست دینی ہوگی۔صدر غنی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہمارے عوام کو طالبان کی سازشوں اور دھمکیوں کو ناکام بنانا چاہئے اور دفاع اور سیکیورٹی حکام کو ہدایت کی کہ وہ شاہراہوں، ڈیموں، جنگلات اور بارودی سرنگوں کو محفوظ بنانے پر توجہ دیں اور شاہراہوں پر دشمنوں کی بھتہ خوری کو روکے۔

صدر نے زور دے کر کہا کہ سٹیزن چارٹر پروگرام کو بلا روک ٹوک نافذ کیا جانا چاہئے۔