کورونا میں اضافے کے پیش نظر ایک بار پھر لاک ڈاؤن کے خدشات باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج مندی کارجحان رہا اور سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈوب گئے۔
ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور دوبارہ لاک ڈاؤن کے خوف کے سبب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز سے ہی سرمایہ کاری کا منفی رجحان رہا اور سرمایہ کاروں کو 144 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
نئے ماہ کے آغاز اور کاروباری ہفتے کے پہلے روز ایک موقع پر 100انڈیکس ایک ہزار 111 پوائنٹس کم ہوا تاہم کاروبارکے اختتام پر 100انڈیکس میں 775.82 پوائنٹس کی کمی ہوئی اور انڈیکس 39 ہزار 112 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
آج شیئرز بازارمیں 396کمپنیوں کے 32کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 11 ارب 96 کروڑ روپے سے زائد رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن آج 144 ارب روپے کم ہو کر 7 ہزار 255 ارب روپے رہا۔