صنعتوں کیلئے بجلی سستی، وزیراعظم نے بڑے پیکج کا اعلان کردیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صنعتی شعبے کیلئے پیکج کا اعلان کردیا گیا ، جس کے تحت یکم نومبر2020 سے چھوٹی صنعتوں کو اضافی بجلی آدھی قیمت پر میسر ہوگی جبکہ اضافی بجلی کے استعمال پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے توانائی شعبے سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم صنعت کاروں کیلئے ایک پیکج لیکر آئے ہیں، بدقسمتی سےبھارت کےمقابلےہماری صنعتوں کودی جانیوالی بجلی25فیصد مہنگی ہے، ماضی میں بجلی بنانےکے مہنگے معاہدے قائم کئےگئے،وزیراعظم

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے آتے ساتھ ہی ایکسپورٹ بڑھانے کی کوشش کی ، ملک میں جتنی ایکسپورٹ بڑھے گی روپیہ مضبوط ہوگا، کورونا صورتحال میں برصغیر میں پاکستان کی ایکسپورٹ سب سے زیادہ تیزی سے بڑھی۔

وزیراعظم عمران خان نے صنعتی شعبے کیلئے پیکج کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ چھوٹی صنعتوں کے لئے پورا وقت آف پیک آور تصورکیا جائیگا، یکم نومبر2020سےچھوٹی صنعتوں کواضافی بجلی آدھی قیمت پر میسرہوگی اور پچھلےسال کےمقابلےاضافی بجلی کے استعمال پر 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ توقع ہے اس پیکج سے برآمدات میں مزید اضافہ ہوگا، کوروناصورتحال میں ملکی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار حماد اظہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا 24گھنٹے آف پیک آورپر بجلی فراہم کی جائیں گی ، پیک آورز میں صنعتوں کیلئے نرخ 25فیصد بڑھ جاتا تھا، توقع ہے اب پیک آوررز کی وجہ سے صنعتیں بند نہیں ہوں گی ، پیک آورز کی مہنگی بجلی کی وجہ سےماضی میں صنعتوں کوبند کردیاجاتاہے۔