پاکستان کے دورے پر آئے معروف ترک شیف براق اوزدیمیر نے پاکستانی چائے کو’ فنٹاسٹک‘ قرار دے دیا۔
ترک شیف اوزدیمیر پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر کے ہمراہ پناہ گاہ کا دورہ کیا تھا اور لوگوں کو اپنے ہاتھوں سے کھانا کھلایا تھا۔
اس کے علاوہ ترک شیف نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی سے بھی ملاقات کی۔
اوزدیمیر کو بھی پاکستان کی چائے بھاگئی اور انہوں نے چائے کو فنٹاسٹک قرار دیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ براق ہاتھ میں چائے کا کپ پکڑ کر کہتے ہیں پاکستانی چائے ’ فنٹاسٹک‘ ہے اور وہ چائے پیتے ہیں۔
خیال رہے کہ براق اوزدیمیر ترکی کے شیف ہیں جو اپنے کھانوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہیں اور ان کی کھانا بنانے کی ویڈیوز کو بے حد پسند کیا جاتا ہے۔
ترک شیف کے انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ 70 لاکھ سے زائد ہے۔
واضح رہے کہ فروری 2019 میں پاک فضائیہ کے سرپرائز کے بعد پاک فوج نے تباہ ہونے والے بھارتی لڑاکا طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو پکڑا اور عوامی تشدد سے بچا کر اسے نہ صرف طبی امداد دی بلکہ گرما گرم چائے کا کپ بھی پلایا تھا۔
اس چائے کے بارے میں بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ ’ٹی از فنٹاسٹک‘ اور بعد میں ان کا یہ جملہ عوام میں بھی بے حد مقبول ہوا۔
یہی نہیں بلکہ اس سے قبل پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی چائے کا کپ پکڑ کر بھارت پر طنز کیا تھا۔