واشنگٹن: امریکا میں 59 ویں صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے اب تک کے ایگزیٹ پولز میں جوبائیڈن کو صدر ٹرمپ پر معمولی برتری حاصل ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق آج امریکا میں ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں جس کے لیے 74 سالہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور 77 سالہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
ایگزیٹ پولز کے مطابق جوبائیڈن کو امریکی صدر پر برتری حاصل ہے دونوں رہنمائوں کا جیت کے لیے سوئینگ اسٹیٹس خصوصی طور پر پنسلوانیا، فلوریڈا، میشی گن اور جنوبی کیرولینا کی طرف نظریں جمی ہوئی ہیں۔ جو بائیڈن نے نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے گاؤں جس کی کل آبادی پانچ ہے سے کامیاب ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ وہ جارج بش سینیئر کی طرح صرف ایک دور کے لیے صدر بننے والے آخری امریکی صدر کا ریکارڈ نہ توڑدیں۔ 10 کروڑ 90 لاکھ کے قریب افراد صدارتی انتخاب میں پہلے ہی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔
گزشتہ صدارتی انتخاب میں ٹرن آؤٹ 58.1 فیصد تھا جبکہ اس مرتبہ امید ہے کہ یہ 60 فیصد کے آس پاس ہوسکتا ہے۔ اگر اتنی تعداد میں امریکی عوام ووٹ دیں گے تو یہ ممکنہ طور پر ایک صدی میں سب سے بڑی تعداد ہوگی۔
امریکا صدارتی انتخابات میں ریاستوں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔ امریکا میں دو بڑی سیاسی جماعتیں ڈیموکریٹک اور ری پبلکن پارٹی انتخابی میدان میں مدمقابل ہوتی ہیں۔ جس پارٹی کے ریاست میں زیادہ ووٹ ہوتے ہیں اس ریاست کو اسی پارٹی کے رنگ سے منسوب کیا جاتا ہے اسی لیے ڈیموکریٹ کی حامی ریاستیں بلیو اور ری پبلکن کی حامی ریاستیں ریڈ اسٹیٹس کہلاتی ہیں۔
البامہ، آرکنساس، اڈاہو، انڈیانا، کینٹکی، لوزیانا، مسیسپی، نبراسکا، شمالی ڈکوٹا، اوکلاہوما، جنوبی کیرولائنا، جنوبی ڈکوٹا، ٹینیسی، یوٹا، مغربی ورجینیا، ویئومنگ، الاسکا، کنساس، مسوری، مونٹانہ اور ٹیکساس ریڈ اسٹیٹس ہیں۔
کیلی فورنیا، کولوراڈو، کنیٹی کٹ، ڈیلاویئر، ہوائی، الینوائے، مین، میری لینڈ، میساچوسیٹس،نیو جرسی، نیو میکسیکو، نیویارک، اوریگن، روڈ آئی لینڈ، ورمونٹ، ورجینیا، واشنگٹن، ایریزونا، مشی گن، منیسوٹا، نیواڈا، نیو ہیمپشائیر، پینسلوینیا اور وسکونسن کا شمار بلیو اسٹیٹس میں کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ صدرٹرمپ یا جوبائیڈن کو صدارت سنبھالنے کیلئے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹس کی ضرورت ہے، پولنگ کے مکمل نتائج آنے اور ان کے حتمی سرکاری اعلان کیلئے رواں سال 14 دسمبر کی تاریخ رکھی گئی ہے۔