واشنگٹن:امریکا میں 59 ویں صدارتی انتخاب کےلیے ووٹنگ مکمل ہوجانے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوچکی ہے۔ صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی کے امیدوار اور موجودہ امریکی صدر، 74 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ اور 77 سالہ ڈیمو کریٹ امیدوار جو بائیڈن میں کانٹے کا مقابلہ جاری ہے۔
اب تک کے نتائج کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 210 الیکٹورل ووٹس حاصل کیے ہیں جبکہ 237 الیکٹورل ووٹس کے ساتھ جو بائیڈن کو اب تک برتری حاصل ہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں مجموعی طور پر 538 الیکٹورل ووٹس ہیں جن میں سے 270 یا زیادہ الیکٹورل ووٹس حاصل کرنے والا امیدوار فاتح قرار دیا جاتا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق، الیکٹورل ووٹس کے اعتبار سے اگرچہ بائیڈن کو واضح برتری حاصل ہے لیکن اگر عوامی ووٹوں کی بنیاد پر دیکھا جائے تو بائیڈن اور ٹرمپ کو حاصل ہونے والے ووٹوں کی تعداد میں صرف ایک فیصد کا فرق ہے۔
سرِدست امریکی صدارتی انتخاب میں کسی بھی امیدوار کی فیصلہ کن فتح کا انحصار ’’سوئنگ اسٹیٹس‘‘ پر ہے، جن میں سے بیشتر کے حتمی نتائج ابھی تک موصول نہیں ہوئے ہیں تاہم ایگزٹ پول سے پتا چلتا ہے کہ 168 الیکٹورل ووٹس والی ان امریکی ریاستوں میں ٹرمپ کو برتری حاصل ہے جو اگلے چند گھنٹوں کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح میں بھی تبدیل ہوسکتی ہے۔
ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن نے امریکی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یقین رکھیں ہم فتح یاب ہوں گے، ہم فتح کی جانب بڑھ رہے ہیں۔