دبئی:متحدہ عرب امارات نے اسرائیل کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔دبئی سے تل ابیب اور تل ابیب سے دبئی کے لیے روزانہ دو پروازیں چلائی جائیں گی جن میں ایک طرف کا سفر تقریباً تین گھنٹے میں طے ہوگا
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان براہ راست پروازوں کا ا?غاز 26 نومبر سے ہوگا جس کا اعلان دبئی کی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے کیا۔
فلائی دبئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمپنی دبئی سے براہ راست تل ابیب کے لیے ہفتے میں 14 پروازیں آپریٹ کرے گی جس کے لیے بکنگ کمپنی کی ویب سائٹ پر دستیاب بزنس اور اکانومی کلاسوں میں کرائی جاسکتی ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ دبئی سے تل ابیب اور تل ابیب سے دبئی کے لیے روزانہ دو پروازیں چلائی جائیں گی جن میں ایک طرف کا سفر تقریباً تین گھنٹے میں طے ہوگا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلائی دبئی اس وقت واحد کمپنی نے جس نے دبئی سے اسرائیل کے لیے براہ راست کمرشل پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد گزشتہ ماہ دونوں ممالک کے درمیان ائیر ٹرانسپورٹیشن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت متحدہ عرب امارات سے تل ابیب کے لیے براہ راست 28 پروازیں چلائی جائیں گی۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کے بعد گزشتہ ماہ 19 اکتوبر کو پہلی مرتبہ مسافر پرواز یو اے ای سے اسرائیل پہنچی تھی جہاں اس نے تل ابیب کے قریب لینڈ کیا جس میں صرف کریو ممبران سوار تھے۔
گزشتہ ماہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے شہریوں کو دونوں ممالک میں بغیر ویزہ کے سفر کی اجازت ہوگی۔