اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی


 
اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے۔

 مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق ای سی سی نے پٹرولیم ڈویژن کا گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی،خزانہ، پٹرولیم، پاور اور پلاننگ ڈویڑن کے حکام سمیت ایس ای سی پی، اوگرا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کمیٹی میں شامل ہیں،کمیٹی 30 روز میں سرکلر قرضے سے متعلق اپنی سفارشات پر مبنی رپورٹ ای سی سی میں پیش کرے گی۔

 ای سی سی نے نیب، وزارت صحت، مذہبی امور اور انسداد منشیات کیلئے سپلیمنٹری گرانٹس منظور کردیں۔وزارت فوڈ نے اجلاس کو گندم کی دستیابی سے متعلق بریفنگ دی،ٹی سی پی نے ایک لاکھ 10 ٹن گندم کی درآمد کیلئے چھٹا ٹینڈر کھول دیا ہے۔

 اعلامیہ کے مطابق جنوری 2021ء تک ملک میں گندم وافر مقدار میں موجود ہوگی، جنوری سے ملک میں گندم کی قیمت میں کمی ہونا شروع ہو جائے گی۔

ای سی سی نے گلگت بلتستان کیلئے گندم کا کوٹہ ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن کردیا۔