لاس ویگاس: امریکا میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کردیا جب کہ پولیس کی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ریاست نیواڈا میں پولیس کو اطلاع ملی کہ رہائشی عمارت میں ایک مسلح شخص موجود ہے جس نے تین افراد کو نشانہ بنایا ہے۔
پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں 2 لاشیں پڑی تھیں اور 2 افراد شدید زخمی تھے جبکہ ایک مسلح شخص پارکنگ ایریا میں اپنی گاڑی کے اندر موجود تھا۔
پولیس افسران نے مسلح شخص کو اسلحہ پھینکنے اورگرفتاری دینے کو کہا تاہم حملہ آور بحث و تکرار کرنے لگا جس کے دوران پولیس کی فائرنگ میں ملزم مارا گیا۔
دریں اثنا ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے جب کہ ایک کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
پولیس نے تاحال ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت ظایر نہیں کی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
یاد رہے کہ آج امریکا میں صدارتی الیکشن کے بعد ووٹنگ کا عمل جاری ہے جس میں صدر ٹرمپ 213 الیکٹرول ووٹ حاصل کرسکے ہیں جب کہ مخالف امیدوار جوبائیڈن کو 238 الیکٹرول ووٹس کے ساتھ برتری حاصل ہے۔