اکتوبر 2020: سیمنٹ کی فروخت میں ریکارڈ اضافہ

سیمنٹ مینوفیکچرر ز ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق اکتوبر 2020ء میں سیمنٹ کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اکتوبر میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 57 لاکھ 35 ہزار ٹن رہی، جس میں مقامی کھپت اور ایکسپورٹ کے اعداد و شمار شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سیمنٹ کی مقامی کھپت اکتوبر میں 15 اعشاریہ 83 فیصد بڑھ کر 48 لاکھ 59 ہزار ٹن رہی۔

اکتوبر میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ 11 اعشاریہ 58 فیصد اضافے سے 8 لاکھ 75 ہزار 266 ٹن رہی۔

سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشنز کے مطابق جولائی تا اکتوبر (4 ماہ) کے دوران سیمنٹ کی فروخت 20 فیصد بڑھی اور 1 کروڑ 93 لاکھ ٹن رہی۔

مالی سال 21-2020ء کے پہلے 4 ماہ میں سیمنٹ کی مقامی فروخت میں 17 اعشاریہ 94 فیصد اضافہ ہوا اور مجموعی فروخت 1 کروڑ 57 لاکھ ٹن تک پہنچی۔

ان 4 ماہ میں سیمنٹ کی برآمدات میں 29 فیصد اضافہ ہوا، یوں ایکسپورٹ 36 لاکھ 17ہزار ٹن تک پہنچ گئی۔

سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشنز کے مطابق سیمنٹ، خام مال اور پیکنگ میٹریل پر ڈیوٹی ٹیکسز میں کمی لائی جائے تو فروخت میں مزید اضافہ ہوگا۔

اعلامیے میں تجویز دی گئی کہ ٹیکس ریٹ کم کرکے سیمنٹ کی فروخت بڑھانے سے زیادہ آمدنی حاصل ہوگی۔