اسلام آباد:گردشی قرضہ میں مسلسل اضافہ حکومت کے لئے بڑا چیلنج بن گیاوزارت توانائی کے گردشی قرضہ سے جان چھڑوانے کے لئے نئی تجاویز تیارکر لی گئیں۔
پٹرولیم مصنوعات پر جو پٹرولیم لیوی وصول کی جاتی ہے اس میں سے تین سے پانچ روپے پی ایس ا وکو دینے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ پی ایس او کی مالی مشکلات ختم کی جاسکیں۔گردشی قرضہ کے مکمل خاتمہ کے لئے سکوک بانڈز جاری کئے جائیں گے۔
وزارت توانائی کی جانب سے تیار کی گئی تجاویز کے مطابق اوجی ڈی سی ایل، پی پی ایل، جی ایچ پی ایل اور دیگر جن اداروں کو وصولیاں نہیں ہو رہیں ا ن کے بقایاجات بڑھ رہے ہیں ان کو سیلز ٹیکس ادائیگی میں رعایت دینے کی بھی تجویز زیر غور ہے جبکہ گیس کمپنیاں جنہوں نے مختلف اداروں سے اربوں روپے کے واجبات وصول کرنے ہیں ان کے لئے بھی مختلف تجاویز تیارکی گئی ہیں۔
وزارت توانائی کی جانب سے دی جانے والی تجاویز میں مزید کہا گیا کہ اگر گردشی قرضے کے خاتمہ کو ترجیح نہ دی تو آنے والے دنوں میں ملک میں تیل اور گیس کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔