دواساز کمپنیوں کا کورونا سے 90فیصد تحفظ فراہم کرنیوالی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ

لندن:کورونا وائرس کے خلاف ایک ایسی موثر ویکسین تیار کر لی گئی ہے جس کے ابتدائی تجرباتی نتائج سے ظاہر ہوا ہے کہ وہ نوے فیصد لوگوں کو کووڈ کی لپیٹ میں آنے سے بچا سکتی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ادویات ساز بین الاقوامی کمپنیوں فائزر اور باؤٹیک جنھوں نے یہ ویکسین مشترکہ طور پر تیار کی ہے ان کا کہنا ہے کہ 'یہ انسانیت اور سائنس کے لیے ایک بہت بڑا دن ہے۔

'اس ویکسین کو تجرباتی سطح پر چھ ملکوں میں 43500 لوگوں کو لگایا گیا اور اس کے بارے میں اب تک کوئی خدشہ یا کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔

ان کمپنیوں کا ارادہ ہے کہ وہ اس ویکسین کی منظوری ہنگامی بنیادوں پر حاصل کریں تاکہ اس ماہ کے آخری تک اس کا استعمال شروع کیا جا سکے۔

دنیا بھر میں عام لوگوں کی زندگیوں پر اس بیماری کی وجہ سے لگائی گئی پابندیوں سے بہتر علاج اور اس ویکسین کے استعمال سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔ایک درجن سے زیادہ ویکسینوں پر کام ہو رہا ہے جو کہ تجربات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں ہیں لیکن یہ پہلی ویکسین ہے جس کے نتائج سامنے آئے ہیں۔


دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویکسین کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین جلد آرہی ہے اور اطلاعات ہیں کہ یہ ویکسین 90 فیصد تک مؤثر ہے، یہ ایک بہت بڑی خبر ہے جس سے اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آئی ہے۔

کورونا ویکسین کی تیاری میں مبینہ کامیابی کے بعد امریکا سمیت عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے جب کہ امریکی خام تیل کی قدر میں بھی 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔