امیدہے جوبائیڈن امن معاہدے کو برقرار رکھیں گے‘افغان طالبان

کابل:افغان طالبان کا کہنا ہے کہ امریکی نومنتخب صدر جو بائیڈن سے توقع رکھتے ہیں کہ افغانستان میں طویل امریکی جنگ کے خاتمے کے معاہدے کو برقرار رکھیں گے۔

طالبان کے دوحہ میں سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے امریکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو کے دوران بتایا کہ فروری میں دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدہ افغانستان اور امریکا دونوں ہی کے مفاد میں ہے۔ معاہدے پر اسی طرح عمل درآمد ہونا چاہیے جس پر فریقین نے اتفاق کیا تھا۔

یاد رہے کہ 29 فروری کو طے پانے والے مشروط معاہدے کے تحت امریکی اور نیٹو فورسز کو مئی 2021 تک افغانستان سے مکمل انخلا کرنا ہے اور طالبان اس عرصے کے دوران غیر ملکی افواج پر حملے نہ کرنے کے پابند ہیں۔

اس معاہدے کے بعد سے اب تک امریکہ نے افغانستان میں اپنی فوج کی تعداد 13 ہزار سے کم کر کے 4500 کر دی ہے جبکہ امریکی فوجیوں نے افغان فورسز کی متعدد بیسز بھی خالی کر دی ہیں۔