کورونا وائرس کی ویکسین آنے میں ابھی بھی کئی ماہ لگیں گے، جو بائیڈن

واشنگٹن: امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی منظوری کے بعد اس کے آنے میں بھی کئی ماہ لگیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  اپنے ایک بیان میں امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کے استعمال کی منظوری سائنس کی روشنی میں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مستند ذریعے سے منظور ہونے والی ویکسین ہی عوام کے لیے قابلِ بھروسہ ہو گی۔

نو منتخب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ویکسین کی اچھی خبر کے باوجود امریکا موسمِ سرما کے سخت دنوں سے گزرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے اموات میں اب بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ہم سائنس کی پیروی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام ماسک ضرور پہنیں، اس سے ہزاروں زندگیاں محفوظ ہو سکتی ہیں۔