ترکی کو جلد دنیا کی دس اقتصادی طاقتوں میں شامل کرلینگے، رجب طیب اردوان

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم جلد دنیا کی دس اقتصادی طاقتوں میں شامل ہونے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے یہ اعلان انقرہ میں مرکزِ قومی کنونشن و ثقافت میں اتاترک ثقافت، لسان و تاریخ سے متعلق زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ترکی نے سود، قیمت زر، افراط زر اور قیاس آرائیوں کے بوجھ تلے دبانے کی کوششوں کے برخلاف تاریخی جدوجہد کی ہے، ہم غازی مصطفی کمال اتاترک کی تجویز کے مطابق عقل و علم کی راہ کو اپناتے ہوئے ان کی راہ پر گامزن ہیں اور ان کے ورثے کو کھوکھلا بنانے کی کوششیں کرنے والوں کو قوم کے حوالے کرتے ہیں۔

ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ ترکی شرح سود، قیمت زر اور افراط زر کے حربوں کے خلاف نبرد آزما ہے، لیکن ہم نے اس دلجمعی کے ذریعے دنیا کی پہلی دس اقتصادی طاقتوں میں شامل ہونے کا بیٹرا اپنے سر اٹھا رکھا ہے ، میرے نزدیک یہ عمل غاز ی مصطفی کمال اتاترک کے لیے سب سے بڑا ہدیہ ہوگا۔