اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کو اپنی ایک متنازع ٹوئٹ کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
امریکی سفارتخانے کی سوشل میڈیا ٹیم نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کی ایک ٹوئٹ اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کر دی۔
ٹوئٹ میں احسن اقبال نے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک خبر شیئر کی جس کی سرخی یہ تھی کہ 'ٹرمپ کی شکست دنیا کے آمروں کے لیے ایک دھچکا ہے'۔
اس ٹوئٹ میں احسن اقبال نے لکھا کہ 'ایسا ایک پاکستان میں بھی ہے جسے جلد راستہ دکھایا جائے گا، انشاءاللہ'۔
احسن اقبال کی اس ٹوئٹ کو کچھ ہی دیر بعد امریکی سفارتخانے کے آفیشل آکاؤنٹ کے ذریعے بھی شیئر کر دیا گیا۔
اس پر عام پاکستانی کے ساتھ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے اراکین نے مسلم لیگ ن کے رہنما کے سیاسی ٹوئٹ کو امریکی سفارتخانے کے آفیشل اکاؤنٹ سے ری ٹوئٹ ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
اگرچہ امریکی سفارتخانے نے مذکورہ ٹوئٹ کو ڈیلیٹ کر دیا مگر اس وقت تک سوشل میڈیا صارفین اس کے اسکرین شاٹس لے چکے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما اور انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ٹوئٹ پر شدید تنقید کی اور لکھا کہ امریکی سفارتخانے کو سفارتی آداب کی پاسداری کرنی چاہیے اور اگر یہ جھوٹ نہیں ہے تو انہیں معافی مانگنی چاہیے۔"