چین کی تیارکردہ کورونا ویکسین قوت مدافعت پیدا کرتی ہے:تحقیق

بیجنگ:چین کی کوویڈ19-کی غیر فعال امیدوار ویکسین  محفوظ اور قابل برداشت ثابت ہوئی ہے جو تیزی سے مدافعتی ردعمل پیدا کرسکتی ہے۔

 یہ بات متعدی امراض کے جریدے دی لانسیٹ میں شائع ابتدائی اور درمیانی مرحلے کی طبی آزمائش کے نتائج میں بتائی گئی ہے۔

نتائج میں کہا گیا ہے کہ اس ویکسین کے ذریعہ پیدا ہونے والی اینٹی باڈیز کی سطح ان لوگوں کے مقابلے میں کم تھی جو کوویڈ-19سے صحت یاب ہوئے تھے جس سے واضح ہوا کہ  یہ ویکسین انسانی جسم کو وائرس سے ہونے والے انفیکشن سے بچانے کی صلاحیت کی حامل ہے۔

کورونا ویک نامی اس ویکسین کو چین کے حیاتیاتی ادویات بنانے والے ادارے سائنوویک بائیوٹیک نے تیار کیا ہے۔ا

س ویکسین کا18 سے 59 سال کی عمر کے 700 سے زائد صحت مند بالغ  افراد پربے ترتیب، ڈبل بلائنڈ اور پلیسبو کنٹرول کے طریقہ کار کے تحت پہلے  اور دوسرے  مرحلے کی طبی آزمائش میں تجربہ کیا گیا۔

اس تحقیق کے مصنفین میں شامل ژو فینگ سائی کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن  کے دوران 14دن کے وقفے سے دو خوراکیں دی گئیں۔ یہ امیدوار ویکسین موثر ثابت ہوئیں ہیں جس کے بعد یہ وبا کی  موجودہ صورت میں ہنگامی استعمال کے لئے موزوں بن چکی ہیں۔

ژونے مزید کہا کہ ویکسی نیشن سے  پیدا ہونے والے مدافعتی ردعمل کی مدت کی تصدیق کے لئے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔