پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی آرہی ہے اور گزشتہ ایک دن میں 42 افراد اس وائرس کا شکار ہوکر لقمہ اجل بن گئے ہیں جو کہ 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 42 ہزار 752 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے کورونا کے 2 ہزار 843 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 42 اموات رپورٹ ہوئیں جو کہ 4 ماہ کے دوران ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔ جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 7603 ہوگئی۔
پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار 508 ہے جن میں سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ 28 ہزار 931 ہوگئی ہے جب کہ ملک میں کورونا کے فعال مصدقہ کیسز کی تعداد 34 ہزار 974 ہے۔ ملک بھر میں کورونا کے 2122 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے 246مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔