اسلام آباد: حکومت نے متوقع کوروناویکسین کی ایڈوانس بکنگ کو حتمی شکل دینے کے لیے عالمی اداروں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا تاکہ فنڈز حاصل کیے جاسکیں۔
حکومت کوروناویکسین کی فنڈنگ کے لیے ورلڈبینک سے رابطہ کرے گی، حکومت فنڈنگ کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک اور یونیسیف سے بھی بات چیت کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ عالمی اداروں سے فنڈز کے حصول کے لیے رابطے وزارت صحت کرے گی، وزارت صحت عالمی اداروں سے رابطے اکنامک افیئرز ڈویژن کے ذریعے کرے گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی اداروں سے آسان شرائط پر قرض اور امداد پر بات چیت ہوگی، وزارت صحت نے ویکسین خریداری پر مربوط پلان کی تیاری کا آغاز کردیا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)ویکسین کی بکنگ کے لیے 150ملین ڈالرز کی منظوری دے چکی ہے۔دوسری جانب امریکا، پاکستان کے ساتھ مل کر ویکسین تیار کرنے کی پیش کش کرچکا ہے۔
پاکستان کے متوقع کوروناویکسین کے لیے امریکا سے سفارتی رابطے جاری ہیں۔امریکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو کوروناویکسین سازی کے عمل میں خوش آمدید کہیں گے، پاکستان سے متوقع کورونا ویکسین سازی میں تعاون کیلئے تیار ہیں۔
امریکا نے پیش کش کی کہ امریکی کمپنیاں پاکستان سے ویکسین سازی میں تعاون کر سکتی ہیں، باہمی تعاون سے پاکستانی کمپنیز مقامی طور کوروناویکسین تیار کرسکیں گی۔