آکسفورڈ یونیورسٹی نےسستی کورونا ویکسین تیار کرلی، 70 فیصد مؤثر

لندن: امریکی کمپنی فائزر  اور ماڈرنا کے بعد اب آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے بھی کورونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کافی سستی ہوگی جب کہ اسے اسٹورکرنا بھی آسان ہوگا اور یہ ویکسین کورونا سے نمٹنے میں 70 فیصد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب یہ ویکسین 20 ماہ میں تیار کی گئی ہے اور عموماً اس کی تیاری میں 10 برس لگتے ہیں، اس ویکسین کی آزمائش برطانیہ اور برازیل میں 20 ہزار افراد پرکی گئی۔

اس ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے پر یہ 90 فیصد تک مؤثر ثابت ہوئی ہے جب کہ برطانوی حکومت نے 100 ملین خوراکوں کا آرڈر دیا ہے جو 50 ملین افراد کے لیے کافی ہوں گی۔

ویکسین کے حوالے سے وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ ویکسین کی تیاری کے دوران نتائج متاثر کن ہیں تاہم ویکسین کے ابھی مزید سیفٹی چیک ہوں گے۔

 خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی دوا ساز ادارے فائزز اور جرمن دواساز ادارے بائیو این ٹیک نے مشترکہ طور پر جب کہ روسی حکومت کی اسپوتنک ویکسین سمیت ایک اور امریکی کمپنی ماڈرنا نے اعلان کیا ہے کہ ان کی تیار کی گئی ویکیسن کے تیسرے مرحلے کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں اور ان کی ویکسین 90 سے 95 فیصد تک مؤثر ہیں