شکر قندی کھائیں ، صحت بہتر بنائیں


اچھّی صحّت اور جسمانی توانائی برقرار رکھنے کے لیے قدرتی غذاؤں سے بہتر کیا ہوسکتا ہے جس میں مختلف سبزیاں اور پھل بھی شامل ہیں۔

قدرت کی ان نعمتوں میں شکر قندی بھی شامل ہے اور ہر موسم کی سبزی اور پھل کی طرح شکر قندی سردیوں میں‌ اپنی بہار دکھاتی ہے۔ 

اس کا ذائقہ میٹھا ہوتا ہے اور اسی وجہ سے انگریزی میں اسے Sweet Potato کہا جاتا ہے۔ کم قیمت اور صحّت کے لیے مفید ہونے کی وجہ سے شکرقندی اس موسم میں‌ سبھی کی پسندیدہ ہوتی ہے۔


شکر قندی کو بھون کر یا اُبال کر کھایا جاتا ہے۔ اس سے حلوہ اور قسم قسم کی مٹھائیاں تیار کی جاتی ہیں‌۔

پاکستان میں‌ شکر قندی ٹھیلوں‌ پر عام دستیاب ہوتی ہے، اور بازاروں کے باہر، مصروف سڑکوں پر ٹھیلوں اور ریڑھی پر شکر قندی بیچنے والے مخصوص طریقے سے اسے بھون کر نمک مرچ چھڑک کر پیش کرتے ہیں۔

یہ حرارت بخش اور مقوی ہوتی ہے اور شکر قندی پر کالی مرچ اور نمک چھڑک کر کھایا جائے تو اس کا لطف ہی دوبالا نہیں‌ ہوتا بلکہ افادیت بھی بڑھ جاتی ہے۔

نشاستہ، گلوکوز، وٹامنز اور دیگر معدنی اجزا سے بھرپور ہونے کی وجہ سے شکر قندی ہماری مجموعی صحّت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

شکر قندی میں موجود وٹامن اے بینائی کو تیز کرتا ہے جب کہ وٹامن سی نظامِ انہضام کو فعال بنانے میں‌ مدد دیتا ہے۔ اسی طرح فائبر معدے اور آنتوں کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔

یہ سردی کے اثرات سے بچاتی ہے اور جسانی حرارت میں اضافہ کرتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق نزلہ زکام سے محفوظ رکھنے کے علاوہ شکر قندی پٹّھوں کی مضبوطی میں‌ بھی مدد دیتی ہے۔

شکر قندی دماغ کے لیے فائدہ مند ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں‌ کہ اس موسم میں‌ خاص طور پر بچّوں‌ کو ضرور شکر قندی کھلانی چاہیے۔