موڈرنا نے امریکا اور  یورپ میں اپنی کورونا ویکسین کی ہنگامی منظوری کی درخواست دے دی

امریکی دواساز ادارے موڈرنا نے اپنی کورونا ویکسین کے وسیع تر استعمال کے لیے امریکا اور  یورپ میں ہنگامی منظوری کی درخواست دے دی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق موڈرنا کی درخواست پر امریکا اور یورپی یونین کے حکام آزمائشی مراحل کے بعد فیصلہ کریں گے کہ آیا موڈرنا کی ویکسین ہنگامی استعمال کے لیے محفوظ اور مؤثر ہے یا نہیں۔

 موڈرنا نے دعویٰ کیا ہےکہ ان کی جانب سے تیار کی جانے والی ویکسین لوگوں کو کووڈ-19 سے محفوظ رکھنے میں  94.5 فیصد تک مؤثر ہے۔

خیال رہے کہ امریکی دوا ساز کمپنی 'فائزر' نے اپنی کورونا ویکسین کے لیے پہلے ہی امریکی منظوری کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

موڈرنا نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد ہی برطانوی حکومت کی بھی منظوری حاصل کرلیں گے کیونکہ  ان کے پاس بزرگوں سمیت 30 ہزار رضاکاروں پر ویکسین کے آزمائشی نتائج کا ریکارڈ موجود ہے

تاہم برطانوی صحت کے حکام اس وقت صرف فائزر  اور آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز ادارے 'ایسٹرازنکا' کے اشتراک سے تیار ہونے والی کورونا ویکسین کی ہنگامی منظوری کا جائزہ لے رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین سب سے سستی ہے اور اس کی ایک دوا(ڈوز) کی قیمت  تقریباً 3 برطانوی پاؤنڈ ہے جب کہ فائزر ویکسین کی قیمت 15 پاؤنڈ اور موڈرنا کی 25 پاؤنڈ ہے۔

  آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ ویکسین کو تقسیم کرنا اور دور دراز علاقوں میں بھی پہنچانا آسان ہے کیونکہ اسے  ان دو ویکسین کی طرح انتہائی کم درجہ حرارت میں رکھنے کی بھی ضرورت نہیں ہے تاہم آزمائشی مراحل میں آکسفورڈ کی ویکسین کے مثبت نتائج 62 سے 90 فیصد رہے ہیں جو کہ باقی 2 ویکسینز کے مقابلے میں کافی کم ہیں۔