ملک کی 6 بجلی سپلائی کمپنیوں کے بورڈ ازسر نو تشکیل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے منگل کو ہونے والے اجلاس کا 15 رکنی ایجنڈا تیار کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں ملک کی 6 بجلی سپلائی کمپنیوں کے بورڈز ازسرنو تشکیل دینے کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے، فیسکو، حیسکو، آئیسکو، لیسکو، پیسکو اور کیسکو کے نئے بورڈ منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے۔


وفاقی کابینہ فیڈرل کورٹس کمپلیکس کراچی تعمیر کرنے کی منظوری دے گی، وفاقی کابینہ فرانس سے سفارتی تعلقات سے متعلق پالیسی فیصلے پرغورکرے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے ایم ڈی کی تعیناتی بھی ایجنڈے میں شامل ہیں، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کےایگزیکٹوڈائریکٹرکی تعیناتی کی منظوری بھی شامل ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں ممنوعہ بور کے اسلحے وبارود درآمد کرنے کی پالیسی میں نرمی کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ وفاقی، تمام صوبوں کی مشترکہ فنانشل اسٹیٹمنٹس کابینہ کےسامنے پیش کی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنی کے ایم ڈی کی تعیناتی بھی وفاقی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے، ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کیلئے ڈینٹسٹری کوٹہ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس میں پاکستان سینٹرل کاٹن کمیٹی کی تشکیل نوکی منظوری دی جائے گی۔