نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں داخل ہونے والی ہیروئن سے بھری گاڑی ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے قبضے میں لے کر منشیات اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔ گاڑی سےساڑھے 21 کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد ہوئی۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کے عملے نے مرکزی انٹری گیٹ پر سفید رنگ کی مہران گاڑی کو مشکوک جان کر روکا اور چیکنگ کی تو گاڑی کے عقبی حصے سے بیگ میں سیاہ رنگ کے 6 پیکٹس میں رکھی پاؤڈر ہیروئن برآمد ہوئی۔
ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے عملے کو موقع پر طلب کیا اور کار ڈرائیور کو حراست میں لے کر اے ایس ایف کنٹرول روم منتقل کیا جہاں اس کی شناخت محمد امین کے نام سے ہوئی جس کا تعلق خیبر ایجنسی سے ہے۔ ہیروئن کا وزن کیا گیا تو وہ ساڑھے 21 کلو گرام سے زائد نکلی۔
اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا برآمد شدہ ہیروئن سمیت ملزم کو مزید تحقیقات کے لیے اے این ایف کے حوالے کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں بھی بے نظیر بھٹو ایئرپورٹ اور کراچی ایئرپورٹ سے پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کے عملے کی مبینہ ملی بھگت سے طیاروں میں چھپا کر منشیات اسمگلنگ کی کوشش کی جاتی رہی رہیں۔