محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے لاہور میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 5 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے اسلحہ، دھماکہ خیز مواد، ہینڈ گرنیڈز، ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزمان سے سول سیکرٹریٹ لاہور سمیت حساس مقامات کی ویڈیوز اور دشمن ملک بھارت کے ویزے بھی برآمد ہوئے۔ یہ مبینہ دہشت گرد افغانستان کے علاقے جلال آباد میں را کے افسران کے ساتھ میٹنگ میں بھی شریک ہوئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے جنہیں شاہدرہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ہونے والوں میں ثمرقند، عبدالرحمان، عمران، وزیر گل اور عصمت اللہ شامل ہیں۔
بھارتی خفیہ ایجنسی را نے لاہور میں تخریب کاری کی کارروائی کرنے کے لیے ان دہشت گردوں کی مالی معاونت کی لیکن یہ لوگ لاہور پہنچنے پر فوری گرفتار کرلیے گئے۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔