جو کراچی کو صاف کرے گا، آئندہ الیکشن میں ووٹ بھی اس کو دونگا، شہزاد رائے

گلوکار شہزاد رائے کا کہنا ہے کہ میں آئندہ انتخابات میں اس جماعت کو ووٹ دوں گا جو کراچی کو صاف کرے گا۔

کراچی کی صفائی پر شروع دن سے سیاست ہوتی آئی ہے اور اس میں تحریک انصاف، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کی جماعتیں پیش پیش رہی ہیں، وفاقی وزیر علی زیدی نے کلین کراچی کے نام سے مہم بھی شروع کی جس میں 90 روز میں شہر قائد کو صاف کرنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن وہ مہم بے سود رہی۔

ایم کیو ایم کے سابق میئر وسیم اختر صفائی کو لے کر ہمیشہ اختیارات کا رونا روتے ہوئے دکھائی دیے کہ ’’میرے پاس نہ فنڈز ہیں اور نہ ہی مشینری‘‘، اس لیے کام نہیں کرسکتا جب کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی کراچی کی صفائی کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کر رکھے ہیں لیکن کراچی میں اب بھی جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب یہ جماعتیں کراچی میں نالوں پر قائم تجاوزات کو گندگی کی وجہ قرار دیتی ہیں جس کے لیے سپریم کورٹ نے کراچی کے تمام بڑے نالوں کی صفائی کے ساتھ ساتھ اس پر قائم تجاوزات کو ہٹانے کا حکم دیا لیکن صوبائی حکومت نے اب تک اس پر بھی عمل نہیں کیا۔

پاکستان کے معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اگلے انتخابات میں اس جماعت کو ووٹ دوں گا جو کراچی کو صاف کرے گا، اس کا مطلب یہ ہوا کہ میں ووٹ ہی نہیں دوں گا۔