لاہور:پاکستان کے معروف اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان کی رومانوی فلم ”نیولفر“ کی شوٹنگ مکمل ہوگئی۔
رواں برس کے آغاز میں فلم کی شوٹنگ شروع بھی کی گئی تھی مگر پھر کورونا کی وبا کے باعث فلم بندی کو روک دیا گیا تھا لیکن بعد ازاں سخت احتیاطی تدابیر کے ساتھ عکس بندی دوبارہ شروع کی گئی تھی اور اب ”نیلو فر“ کی شوٹنگ مکمل کرلی گئی۔
ماہرہ خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ”نیلوفر“ کی شوٹنگ مکمل ہونے پر عکس بندی کے دوران کھینچی گئی کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ فلم بندی مکمل کرلی گئی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ”نیلوفر“ کی پوری ٹیم نے فلم کو شاندار بنانے کے لیے ان تھک محنت کی۔
انہوں نے اشارہ دیا کہ فلم کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد اب جلد ہی شائقین ”نیلوفر“ کو سکرین پر دیکھ سکیں گے۔
اگرچہ ماہرہ خان سمیت فواد خان اور فلم کے ہدایت کار نے بھی فلم کی کہانی نہیں بتائی، تاہم ماضی میں اداکارہ اشارہ کر چکی ہیں کہ فلم کی کہانی رومانوی ہے۔