پہلی مسلم سپر ہیرو وومن سیریز 'مس مارول' میں مزید ایک اور پاکستانی اداکارہ شامل

ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلمیں بنانے والے ادارے ماورل اسٹوڈیو نے پہلی مسلم سپر ہیرو وومن سیریز 'مس مارول' میں مزید ایک پاکستانی اداکارہ کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی۔

مارول اسٹوڈیو نے دو سال قبل ہی پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو فلم یا سیریز بنانے کا اعلان کیا تھا اور رواں برس اکتوبر میں اسٹوڈیو نے تصدیق کی تھی کہ مسلم وومن سپر ہیرو فلم نہیں بلکہ سیریز بنائی جائے گی۔

'مس مارول' کے نام سے بنائی جانے والی مذکورہ سپر ہیرو سیریز کی پاکستانی فلم شرمین عبید چنائے، بھارتی نژاد امریکی مسلم فلم ساز میرا مینن اور بیلجیم نژاد امریکی مسلم فلم ساز عادل ال عربی اور بلال فلاح دیں گے۔

یہ واضح نہیں ہے کہ سیریز کے پہلے سیزن میں کتنی قسطوں کی ہدایات کون سا ڈائریکٹر دے گا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ پہلے سیزن کی ابتدائی اقساط کی ہدایات شرمین عبید چنائے بھی دیں گی۔

'مس مارول' میں مسلم سپر ہیرو لڑکی 'کمالہ خان' کا کردار دکھایا جائے گا، جسے پاکستانی نژاد امریکی لڑکی 16 سالہ ایمان ولانی ادا کریں گی۔

اور اب اسٹوڈیو نے سیریز میں مزید اداکاروں کو کاسٹ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نمرہ بچہ بھی کاسٹ کا حصہ ہوں گی۔

مارول اسٹوڈیو کے مطابق 'مس مارول' سیریز 2021 کے آخری میں اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر ریلیز کیا جائے گا، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ سیریز کے پہلے سیزن میں کتنی قسطیں شامل ہوں گی۔

ساتھ ہی مارول اسٹوڈیو نے بتایا کہ سیریز میں کچھ نئے کرداروں کو بھی شامل کیا گیا ہے اور نئے کرداروں کے لیے اداکاروں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئیں۔

ویب سیریز کے لیے کاسٹ کیے گئے زیادہ تر نئے اداکاروں میں بھارتی و پاکستانی نژاد امریکی مسلمان ہیں۔

سیریز کی نئی کاسٹ میں بھارتی نژاد مسلمان امریکی کامیڈین اظہر محمد عثمان، زنوبیا شروف، یامسین فلیچر، ساگر شیخ، رش شاہ اور پاکستانی اداکارہ نمرہ بچہ شامل کی گئی ہیں۔

مارول اسٹوڈیو نے یہ واضح نہیں کیا کہ نمرہ بچہ کون سا کردار ادا کریں گی، تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ وہ سیریز کا حصہ ہیں۔