برطانوی اخبار ایسٹرن آئی نے سال 2020 میں براعظم ایشیا میں مقبول ہونی والی 50 شوبز شخصیات کی فہرست جاری کی ہے۔
ایشیا کے ان 50 شخصیات کی فہرست میں 4 پاکستانی بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
ایسٹرن آئی نے اپنی نوعیت کی اس پہلی فہرست میں سال 2020 کے ان 50 افراد کو شامل کیا ہے جنہوں نے لوگوں پر مثبت اثرات مرتب کیے۔
یہ فہرست شوبز سے وابستہ ان افراد پر مشتمل ہے جنہوں نے اچھا کام کیا، باؤنڈریز توڑیں، اُمید دی، انسان دوستی نبھائی یا دوسروں کو اپنے منفرد انداز سے متاثر کیا۔
ایسٹرن آئی نے جن 4 پاکستانیوں کو اس فہرست میں شامل کیا ہے ان میں اداکارہ ثروت گیلانی، اداکار بلال عباس خان، اداکار و گلوکار علی ظفر اور ہدایت کار شرمین عبید چنائے شامل ہیں۔
ثروت گیلانی
اداکارہ ثروت گیلانی اس فہرست میں 21ویں نمبر پر ہیں، انہوں نے رواں برس، ویب سیریز چڑیلز کی کاسٹ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
یہ سیریز 'چڑیلز' موجودہ مواد سے مختلف ثابت ہوئی اور اپنا ایک اثر چھوڑا، ثروت گیلانی نے اس سیریز میں اداکاری کرکے پاکستان میں ٹی وی کے مواد کے ایک نئے دور کے دروازے کھول دیے۔
علاوہ ازیں اداکارہ ثروت گیلانی نے حقوق نسواں کی آئیکون کے طور پر اپنی پوزیشن کو مضبوط بھی کیا۔
بلال عباس خان
اداکار بلال عباس خان ایشیا کے 50 مقبول فنکاروں کی فہرست میں 28ویں نمبر پر موجود ہیں، بلال عباس خان سال 2020 میں بہت تیزی سے اپنے کیرئیر کی بلندیوں پر پہنچے۔
انہوں نے نجی چینل ہم ٹی وی کے ڈرامے 'پیار کے صدقے' سے سال کا آغاز کیا اور سال کے اواخر میں وہ زی فائیو کی ویب سیریز 'ایک جھوٹی لو اسٹوری' میں مرکزی کردار میں دکھائی دیے۔
بلال عباس خان کو مزید ہائی پروفائل پروجیکٹس کے ساتھ پاکستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کا مستقبل قرار دیا جارہا ہے۔
علی ظفر
پاکستان کے نامور گلوکار و اداکار علی ظفر اس فہرست میں 39ویں نمبر پر ہیں۔
علی ظفر سے متعلق ایسٹرن آئی نے لکھا کہ پاکستانی گلوکار، اداکار، موسیقار اور انسان دوست شخصیت نے پاکستانی کرکٹ لیگ کو ایک بہتر ترانہ دیا۔
مزید کہا گیا کہ گلوکار علی ظفر نے رواں برس اپنے ریکارڈ لیبل سے نئے ٹیلنٹ کو بھی سامنے آنے کا موقع دیا۔
اس کے ساتھ ہی علی ظفر نے کورونا وائرس کے دوران مشکلات کا شکار افراد کے لیے انسان دوست خدمات سرانجام دیں۔
علی ظفر نے اپنے اقدامات سے دوسروں کو متاثر کیا اور ایک اسٹار کی حیثیت سے اپنی پوزیشن مستحکم کی۔
شرمین عبید چنائے
پاکستانی ہدایت کار شرمین عبید چنائے اس فہرست میں 49ویں نمبر ہیں اور اس میں شامل واحد ڈائریکٹر ہیں۔
ایسٹرن آئی کے مطابق آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے نے ایک مرتبہ پھر سماجی مسائل سے متعلق آگاہی کے لیے اپنے پلیٹ فارم کو استعمال کیا۔
وہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لائیں اور اپنے کام کے ذریعے بین الاقوامی توجہ حاصل کی، جس میں ان کا نمایاں کام اینمیٹڈ شارٹ فلم ستارہ تھی جو رواں سال کے اوائل میں آئی تھی۔
علاوہ ازیں شرمین عبید چنائے سپر ہیرو سیریز 'مس مارول' کی ہدایات بھی دیں گی۔